4 جولائی 2016 - 11:00
عراق کے شمال میں متعدد دہشتگرد ہلاک

عراقی فضائیہ کی شمالی علاقے میں فضائی کارروائی میں داعش کے دسیوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ نینوا کے آپریشنل کمانڈر نجم الجبوری نے پیر کے روز اعلان کیا کہ موصل کے جنوب میں تمام سات دیہاتوں کو داعش کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا گیا ہے اور اس وقت دریائے دجلہ کے مشرقی کنارے کے تمام دیہاتوں پر عراقی فوج کا کنٹرول ہے۔ اس کارروائی میں داعش کے دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب صوبہ صلاح الدین کے گورنر احمد الجبوری نے کہا ہے کہ اس صوبے کے شمالی علاقوں اور صوبہ نینوا کے جنوبی علاقوں میں پانچ ہزار بےگھر عراقیوں کو امداد پہنجانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبہ صلاح الدین کے تمام ادارے ان بےگھر افراد کو امداد پہنچانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

عراق سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق تکفیری گروہ داعش کے دہشت گردوں نے عراق کے شہروں میں اپنی بربریت اور جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اور جنگی میدانوں میں پے در پے شکستوں کی وجہ سے صوبہ کرکوک کے شہر حویجہ میں پندرہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ ان میں سے آٹھ داعش کے افراد تھے کہ جن پر میدان جنگ سے بھاگنے اور جاسوسی کرنے کا الزام تھا جبکہ سات حویجہ شہر میں رہنے والے عام لوگ تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169